
کراچی سے نمائندہ خصوصی ثناءاللہ کاکڑ کی رپورٹ کے مطابق:
سہراب گوٹھ ٹاؤن کی یونین کونسل 05، خادم سولنگی گوٹھ میں ایک اہم عوامی مسئلے کے حل کی جانب بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سیوریج لائن کے ترقیاتی منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے شروع ہوتے ہی علاقے کے مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، کیونکہ طویل عرصے سے سیوریج کے مسائل نے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رکھا تھا۔
صدر پاکستان پیپلز پارٹی پی ایس 97 اور چیئرمین سہراب گوٹھ ٹاؤن لالا عبدالرحیم نے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خادم سولنگی گوٹھ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود متعلقہ حکام سے بریفنگ بھی لی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لالا عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہراب گوٹھ ٹاؤن کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور سیوریج کا یہ منصوبہ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف نکاسی آب کے مسائل حل ہوں گے بلکہ علاقے میں صفائی اور صحت کی صورتحال بھی بہتر ہوگی۔
چیئرمین ٹاؤن نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت جاری کی کہ سیوریج منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے، تاکہ عوام کو دیرپا اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
دورے کے دوران میونسپل کمشنر سہراب گوٹھ ٹاؤن میر اورنگزیب مگسی، فوکل پرسن عبید عثمانی، جنرل کونسلرز مرزا خان اور نوید راجپر سمیت دیگر افسران، علاقہ معززین، پارٹی کارکنان اور منصوبے کی سروے ٹیم بھی موجود تھی۔
علاقہ مکینوں نے اس ترقیاتی منصوبے کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے ان کے دیرینہ مسائل میں واضح کمی آئے گی اور انہیں بہتر طرزِ زندگی میسر آئے گا۔
یہ تھی کراچی سے نمائندہ خصوصی ثناءاللہ کاکڑ کی رپورٹ
