گالے: گالے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا فتح کے قریب پہنچ گئی ہے۔ 372 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک دوسری اننگز میں 4 وکٹ پر 84 رنز بنائے ہیں۔ اب ہندوستان کو جیت کے لیے مزید 6 وکٹ درکار ہیں، جبکہ میزبان ٹیم کو فتح کے لیے 288 رنز بنانے ہوں گے۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے پہلی اننگز میں 462 رنز بنائے۔ دیودت پڈیکل نے شاندار 167 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 16 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے کے ایل راہل کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 162 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ راہل نے 11 چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے، جبکہ دھرو جریل نے 51 رنز کا تعاون دیا۔ سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریا نے 4، کیشرا نوانتھا نے 3 اور اسیتھا فرنانڈو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
