اپنے ایک بیان میں مجتبیٰ لغاری نے کہا کہ پاکستان کے معروف سینئر صحافی حامد میر نے لبنان جا کر ذمہ دار، جراتمندانہ اور پیشہ ورانہ صحافت کی بہترین مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے جنگ زدہ علاقوں میں اپنی موجودگی کے دوران زمینی حقائق پر مبنی رپورٹس کے ذریعے لبنان میں جاری جنگ، تباہی اور انسانی بحران کی سنگینی کو دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ حامد میر کی رپورٹنگ میں متاثرہ خاندانوں، زخمی بچوں، خواتین، بے گھر ہونے والے شہریوں اور جنگ سے تباہ حال علاقوں کی اصل صورتحال دکھائی جا رہی ہے، جس سے عالمی برادری کو وہاں پیش آنے والے انسانی المیے سے آگاہی حاصل ہو رہی ہے۔ ایسے حالات میں جب جنگی علاقوں میں رپورٹنگ کرنا نہایت خطرناک اور جان جوکھوں کا کام ہوتا ہے، وہاں موجود رہ کر سچ کو دنیا تک پہنچانا ایک عظیم صحافتی خدمت ہے۔
مجتبیٰ لغاری نے مزید کہا کہ حامد میر کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو ملکی و بین الاقوامی صحافتی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ ان کی رپورٹس نہ صرف زمینی حقائق کو بے نقاب کر رہی ہیں بلکہ ان بے گناہ اور مظلوم انسانوں کی آواز بھی دنیا تک پہنچا رہی ہیں جو جنگ کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافت کا بنیادی مقصد حقائق کو دیانت داری اور غیر جانبداری کے ساتھ عوام تک پہنچانا ہے، اور حامد میر نے اپنی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کے احساس سے اس مقصد کو بھرپور انداز میں نبھایا ہے۔
آخر میں مجتبیٰ لغاری نے حامد میر کی ذمہ دارانہ صحافت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ لبنان سمیت دنیا بھر کے تمام مظلوموں کی حفاظت فرمائے، زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ عطا کرے، شہداء کے درجات بلند فرمائے اور پوری دنیا میں امن، انصاف، بھائی چارے اور انسانیت کو فروغ عطا فرمائے۔

رخ نیوز کے چیف ایڈیٹر مجتبیٰ لغاری نے پاکستان کے سینئر صحافی حامد میر کی لبنان میں ذمہ دارانہ صحافت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے
