ٹوکیو جاپان سے ایک انتہائی منفرد اور حیران کن خبر سامنے آئی ہے جہاں ایک کروڑ پتی شخص نے کتوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خود کو کتے کے روپ میں ڈھال لیا۔
رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص نے کروڑوں روپے خرچ کرکے اپنے لیے ایک خصوصی کتے کا کاسٹیوم تیار کروایا، جسے پہننے کے بعد وہ بالکل حقیقی کتے جیسا دکھائی دیتا ہے۔ خصوصی طور پر تیار کیے گئے اس لباس میں کتے کی شکل، جسمانی ساخت اور ظاہری خدوخال کو اس قدر حقیقت کے قریب رکھا گیا ہے کہ پہلی نظر میں انسان اور کتے میں فرق کرنا مشکل محسوس ہوتا ہے۔
جاپانی شخص کا کہنا ہے کہ معاشرے میں بعض اوقات لوگ کتوں پر بلاوجہ غصہ کرتے ہیں یا ان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کرتے ہیں، اسی لیے اس نے ایک منفرد انداز اپناتے ہوئے خود کتے کا روپ دھارا تاکہ لوگوں کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ جانوروں کے ساتھ بھی نرمی، محبت اور احترام کا سلوک کیا جانا چاہیے۔
اس مقصد کے لیے اس نے ایک خصوصی کاسٹیوم تیار کروایا، جس پر مبینہ طور پر خطیر رقم خرچ ہوئی۔ لباس کی تیاری میں کتے کی ظاہری شکل کو حقیقت سے قریب تر رکھنے پر خصوصی توجہ دی گئی، تاکہ اسے پہننے والا شخص مکمل طور پر ایک بڑے کتے کی طرح دکھائی دے۔
اس منفرد تجربے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ بعض صارفین نے اسے جانوروں سے محبت اور ان کے حقوق کے حوالے سے ایک منفرد پیغام قرار دیا، جبکہ کچھ افراد اس غیر معمولی انداز پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
جاپان اپنی جدید ٹیکنالوجی، منفرد ثقافت اور غیر معمولی اختراعات کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے، تاہم اس شخص کی جانب سے خود کو کتے کے روپ میں ڈھالنے کا فیصلہ سوشل میڈیا صارفین کے لیے خاص طور پر حیرت کا باعث بن گیا ہے۔
اس انوکھے واقعے نے ایک بار پھر جانوروں کے ساتھ انسانوں کے رویے اور جانوروں سے محبت کے موضوع کو بھی اجاگر کر دیا ہے
جاپان میں انسان بنا کتا ایک انوکها واقع
