ٹنڈوآدم: قومی عوامی تحریک ٹنڈوآدم کی جانب سے شہر اور گردونواح میں بڑھتی ہوئی بدامنی، لوٹ مار، کرپشن، لاپتا بچی پریا کماری کی بازیابی اور غیر قانونی کینال منصوبے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے کی قیادت قومی عوامی تحریک کے رہنما زبیر ماکورانی نے کی، جبکہ بڑی تعداد میں کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر بدامنی، کرپشن، لوٹ مار اور غیر قانونی کینال منصوبے کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرین نے ٹنڈوآدم پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شہر اور گردونواح میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ آئے روز چوری، ڈکیتی اور لوٹ مار کے واقعات کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے سے عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
قومی عوامی تحریک کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے بجائے کرپشن اور بدعنوانی کے مسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث عام شہری مشکلات سے دوچار ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور عوامی وسائل کو لوٹنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
احتجاج کے دوران لاپتا بچی پریا کماری کی فوری بازیابی کا مطالبہ بھی زور شور سے کیا گیا۔ مظاہرین نے کہا کہ پریا کماری کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور معصوم بچی کو جلد از جلد اس کے والدین کے حوالے کیا جائے۔
اس کے علاوہ مظاہرین نے غیر قانونی کینال منصوبے کے خلاف بھی شدید احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبے جن سے سندھ کے عوام، زراعت اور پانی کے حقوق متاثر ہوں، انہیں فوری طور پر ختم کیا جائے۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ کے عوام کے پانی کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور غیر قانونی کینال منصوبے پر فوری نظرثانی کی جائے۔
قومی عوامی تحریک کے رہنماؤں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ٹنڈوآدم میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے، لوٹ مار اور کرپشن کا خاتمہ کیا جائے، پریا کماری کو فوری بازیاب کرایا جائے اور غیر قانونی کینال منصوبے کو ختم کیا جائے۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور قومی عوامی تحریک عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

رپورٹ عمران علی سانگهڑ
پریا کماری کی بازیابی اور غیر قانونی کینال منصوبے کے خلاف احتجاج
