اسلام آباد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے لیے امیدوارہ ایچ ای محترمہ مشیل بیچلیٹ جیریا نے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں عالمی امن، اقوام متحدہ کے کردار، بین الاقوامی قوانین اور خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں، بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کے احترام کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ عالمی امن، ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں ایک مرکزی کردار ادا کر رہی ہے، تاہم بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں ضروری ہے کہ اقوام متحدہ ترقی پذیر ممالک کی ضروریات اور مسائل کا بھی مؤثر انداز میں ادراک کرے اور ان کے حل کے لیے فعال کردار ادا کرے۔
اسحاق ڈار نے اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی تنازعات کا پائیدار اور پرامن حل صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل اور مخلصانہ عمل درآمد سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے بالخصوص جموں و کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دیرینہ مسائل کا منصفانہ حل خطے اور دنیا میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔
اس موقع پر محترمہ مشیل بیچلیٹ جیریا نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا اور اقوام متحدہ کے مختلف امن مشنز اور عالمی فورمز پر پاکستان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے مقاصد کے حصول اور عالمی امن کے فروغ میں ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی چیلنجز اور اقوام متحدہ کے کردار کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا

