
حیدرآباد: معروف ٹک ٹاکر مخدوم جنید جانی کی سائبر کرائم کیس میں ضمانت منظور
حیدرآباد کی فرسٹ جوڈیشل مجسٹریٹ سیکنڈ ماڈل کورٹ کی جج عالیہ سحر نے معروف ٹک ٹاکر بشیر عرف مخدوم جنید جانی کی سائبر کرائم دادو کیس میں 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔ عدالتی کارروائی کے دوران ملزم کے وکیل ایڈووکیٹ ارون کمار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق سائبر کرائم پولیس کو 60 دن کے اندر چالان پیش کرنا تھا، مگر 7 ماہ گزرنے کے باوجود چالان پیش نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فریقِ مخالف اور پولیس کی جانب سے کیس کی مسلسل پیروی نہ کرنے کے باعث ملزم بلا جواز جیل میں قید ہے۔
یاد رہے کہ یہ کیس دادو کے اے سیکشن تھانے میں جیتو جمالی کی مدعیت میں کردار کشی اور سنگین دھمکیوں کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں ایف آئی اے کو منتقل کر کے سائبر کرائم کورٹ میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی ضمانت تو منظور کر لی، تاہم مخدوم جنید جانی کے خلاف کراچی، دادو اور سکھر میں مزید مقدمات درج ہونے کے باعث وہ تاحال سکھر جیل میں قید ہیں۔
