وادیِ عیوج میں بہتے پانی اور بارش نے سیاحوں کو اپنی جانب سے کھینچ لیا ہے جس کے باعث مقامی افراد اور سیاح سعودی عرب کے حدود شمالیہ میں موسلادھار بارشوں کے بعد خوبصورت مناظر دیکھنے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ندیوں کے کنارے پر پکنک منانے والوں، فوٹوگرافروں اور قدرتی ماحول کے دلدادہ افراد جمع ہیں جو پانی کے تیز بہاؤ اور تروتازہ زمین کے مناظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
یہ وہ مناظر ہیں جنہوں نے ایکوٹورازم کے تحت اس ریجن کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔
اس ہفتے ہونے والی درمیانی سے موسلادھار بارشوں کے باعث رفحا گورنریٹ کے جنوب مغرب میں واقع وادی عیوج نے پانی کی سطح میں ریکارڈ اضافہ دیکھا۔
بارشوں کے باعث فیدت الاجرامیہ کی جانب جانے والے نالے ایک مرتبہ پھر سے بھر گئے ہیں جس سے اردگرد کے ماحول میں نئی جان پڑ گئی ہے۔
بارش کے باعث وادی عیوج کے ڈیم میں بھی پانی کی سطح بلند ہوئی ہے۔ اس ڈیم کی لمبائی 365 میٹر ہے اور اونچائی چار میٹر جبکہ اس میں 2 لاکھ 51 ہزار کیوبک میٹر پانی جمع کرنے کی گنجائش ہے۔
حدود شمالیہ کا علاقہ اپنی وادیوں، میدانوں اور پہاڑیوں کے باعث مشہور ہے۔ اسی طرح وادی عرعر سبزے اور جنگلی حیات کے باعث تاریخی طور پر اہمیت رکھتی ہے جسے کلاسک عربی شاعری میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
انتظامیہ نے حالیہ برسوں میں ان وادیوں کی حفاظت اور ترقی کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں جن کا مقصد ماحولیاتی حفاظت، بائیوڈائیورسٹی کی بحالی اور ایسی کوششیں کرنا ہیں جس سے قدرت کے دلدادہ افراد اس ریجن کو پسند کریں۔


