پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے راولپنڈی پنڈیز کو دلچسپ مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
سنیچر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 214 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے 20ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
پشاور زلمی کی طرف سے محمد حارث 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اس سے قبل راولپنڈی پنڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے تھے۔
راولپنڈی پنڈیز کی جانب سے یاسر خان 83 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پشاور زلمی کی اننگز
پشاور زلمی نے 214 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ انداز اپنایا اور ابتدا سے ہی تیز رفتاری سے رنز بنانے کی کوشش کی۔
اوپنر محمد حارث نے 28 گیندوں پر 47 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے تاہم وہ عماد بٹ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان بابر اعظم نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 28 گیندوں پر 39 رنز بنائے لیکن وہ آصف آفریدی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ کوشال مینڈس نے تیز کھیل پیش کرتے ہوئے 17 گیندوں پر 31 رنز سکور کیے، مگر وہ بھی عماد بٹ کا شکار بن گئے۔
ایرون ہارڈی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10 گیندوں پر صرف آٹھ رنز بنا کر رشاد حسین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد مائیکل بریسویل نے اننگز کو سنبھالا اور 17 گیندوں پر ناقابلِ شکست 35 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
عبدالصمد نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 11 گیندوں پر 33 رنز بنا ڈالے، جس میں چار شاندار چھکے شامل تھے، تاہم وہ محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ آخر میں عامر جمال نے 17 رنز بنا کر ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور ناٹ آؤٹ رہے۔

راولپنڈی پنڈیز کی اننگز
راولپنڈی پنڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضبوط مجموعہ سکور کیا۔ اننگز کا آغاز یاسر خان اور کپتان محمد رضوان نے کیا، جہاں یاسر خان نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 83 رنز بنائے، جس میں سات چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔ وہ عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان نے بھی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 32 گیندوں پر 41 رنز سکور کیے، تاہم وہ بھی علی رضا کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد کامران غلام نے تیز رفتاری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر 37 رنز بنائے، جن میں دو چوکے اور تین چھکے شامل تھے لیکن وہ ایرون ہارڈی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
ڈیرل مچل نے 13 گیندوں پر 23 رنز کی مختصر مگر مؤثر اننگز کھیلی تاہم وہ عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
آخر میں سیم بلنگز نے آٹھ گیندوں پر ناقابلِ شکست 18 رنز بنائے جبکہ عبداللہ فضل پاانچ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی پلیئنگ الیون
اس میچ میں پشاور زلمی کی پلیئنگ الیون بابر اعظم (کپتان)، یاسر خان، محمد حارث (وکٹ کیپر)، کشال مینڈس، ایرون ہارڈی، فرحان یوسف، مائیکل بریسویل، عبدالصمد، عامر جمال، سفیان مقیم اور شرف السلام پر مشتمل تھی۔
راولپنڈی پنڈیز کی پلیئنگ الیون
اس میچ میں راولپنڈی پنڈیز کی پلیئنگ الیون محمد رضوان (وکٹ کیپر، کپتان)، کامران غلام، ڈیرل مچل، سیم بلنگز، عبداللہ فضل، عماد بٹ، رشاد حسین، نسیم شاہ، محمد عامر، علی رضا اور آصف آفریدی پر مشتمل تھی۔

