پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متعلق متنازع ٹویٹ پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
جمعے کی رات کو پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نسیم شاہ کو سینٹرل کنٹریکٹ کے ساتھ ساتھ میڈیا پالیسی اور ضوابط کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
’یہ شوکاز نوٹس پی سی بی کے ڈسپلنری فریم ورک کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ نسیم شاہ کو مقررہ وقت کے اندر اپنا جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کے جواب موصول ہونے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد پی سی بی قواعد و ضوابط کے مطابق مزید کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ پی سی بی پیشہ ورانہ معیار، معاہداتی ذمہ داریوں اور کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔
گذشتہ روز جمعرات کو پی ایس ایل 11 کے پہلے میچ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھیں۔
افتتاحی تقریب کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے وزیرِاعلیٰ کا استقبال کیا اور ان سے فرنچائز مالکان اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔
مریم نواز نے ایونٹ میں شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
تقریب کے بعد نسیم شاہ کے ایکس اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ سامنے آئی، جسے پی سی بی کی ایک میڈیا پوسٹ پر کمنٹ کے ساتھ ری ٹویٹ کیا گیا تھا۔ اس پوسٹ میں لکھا گیا تھا کہ ’ان کے ساتھ ملکہ کی طرح کا برتاؤ کیوں کیا جا رہا ہے؟‘
تاہم نسیم شاہ نے بعد میں وضاحت دی کہ یہ پوسٹ ان کی جانب سے دانستہ نہیں کی گئی اور ان کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا، جو بعد میں بحال ہو گیا۔
سوشل میڈیا پر اس متنازع پوسٹ کے بعد صارفین اور کرکٹ شائقین کے درمیان بحث شدت اختیار کر گئی۔
سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے متنازع پوسٹ کے حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا، جبکہ بعض نے ہیکر کو دوبارہ اکاؤنٹ واپس کرنے کا طنزیہ اظہار کیا۔
نسیم شاہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ’راولپنڈیز‘ کا حصہ ہیں، جنہیں آٹھ کروڑ 65 لاکھ روپے کے عوض خریدا گیا تھا۔


