پاکستان میں شادی کی تقریب میں فائرنگ اور گرفتاریوں کی خبریں اکثر سامنے آتی ہیں لیکن راولپنڈی میں ایک دلہن ہوائی فائرنگ کے الزام میں جیل پہنچ گئی۔
تھانہ مندرہ میں درج مقدمے کے مطابق مخبر نے اطلاع دی تھی کہ گوڑھا روڑ پر ایک لڑکا اور لڑکی فائرنگ کر رہے ہیں۔
پولیس جب وہاں پہنچی تو لڑکی پستول سے ہوائی فائرنگ کر رہی تھی اور اہلکاروں کو دیکھتے ہی دونوں نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن لڑکی کو چند قدم دور جاتے ہی گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق لڑکا فرار ہونے میں کامیاب ہو گا جبکہ تفتیش کے دوران لڑکی نے بتایا کہ پستول ان کے شوہر کا ہے اور گرفتاری کے وقت بھی پستول میں چار گولیاں موجود تھیں۔
خیال رہے کہ تھانہ مندرہ کے علاقہ گوڑھا میں دلہن کے ہوائی فائرنگ کرنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے۔
جمعے کو میڈیا کے مطابق ڈیوٹی سول جج گوجر خان نے نئی نویلی دلہن کی ضمانت منظورکرتے ہوئے 50 ہزار روپے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے لڑکی کے شوہر کی بھی 9 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی ہے اور 9 اپریل کو مقدمے کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔

