الباحہ ریجن میں واقع وادی الحمدہ مقامی شہریوں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتی جا رہی ہے اور یہ علاقے کے سب سے زیادہ حیرت انگیز قدرتی مقامات میں سے ایک ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہاں پانی چٹانوں اور جھرنوں کے درمیان سے بہتا ہوا وادی کی گزرگاہوں کو سیراب کرتا ہے اور یہ مناظر بے حد دلکش ہوتے ہیں۔
یہ وادی اپنی بھرپور حیاتیاتی تنوع کے لیے مشہور ہے، اس کے کناروں پر جنگلی پودے اور موسمی جڑی بوٹیاں پھلتی پھولتی ہیں، جبکہ اس کا شفاف پانی مختلف جنگلی حیات اور آبی پرندوں کا مسکن ہے۔
وادی کے اطراف موجود چٹانیں متنوع ارضیاتی خصوصیات کی حامل ہیں، ان کی دراڑوں سے نکلنے والا پانی چھوٹی آبشاروں اور قدرتی تالابوں کو تشکیل دیتا ہے، خاص طور پر برسات کے موسم میں وادی کی گزرگاہوں کا نظارہ دیدنی ہوتا ہے۔
وادی الحمدہ مقامی افراد اور سیاحوں دونوں کے لیے ایک پسندیدہ مقام ہے، اس کی خوشگوار آب و ہوا اور دلکش مناظر لوگوں کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔
الباحہ ریجن میں قدرتی اور سیاحوں کے لیے پرکشش مقامات کی متنوع رینج موجود ہے۔ قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کے شوقین افراد یہاں کے معتدل موسم اور دلکش مناظر کی وجہ سے اس کا رخ کرتے ہیں۔

الباحہ میں حکام کی جانب سے ان قدرتی مقامات کے تحفظ کے لیے خصوصی آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ سیاح علاقے کو صاف رکھنے میں تعاون کریں اور یہ قدرتی سرمایہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رہ سکے۔
