مستونگ: بلوچستان کے علاقے کھڈ کوچہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مسلح دہشت گردوں کے حملے میں پاکستان زندہ باد بیسک آرگنائزیشن کے کوآرڈینیٹر شکیل احمد

کٹبار جان کی بازی ہار گئے۔
ذرائع کے مطابق شکیل احمد کٹبار تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے علاقے میں متحرک تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوگئی، جبکہ سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
تنظیم کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شکیل احمد کٹبار کی شہادت ایک بڑا نقصان ہے۔ تنظیمی عہدیداران اور کارکنان نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات سے عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور حکومت کو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
شکیل احمد کٹبار کی شہادت پر پاکستان زندہ باد بیسک آرگنائزیشن کے کارکنان، سیاسی و سماجی حلقوں اور اہلِ علاقہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے

