آج کے میچ میں ملی فتح دہلی کے لیے بہت اہم ہے، کیونکہ اس نے مسلسل پانچویں بار لکھنؤ سپر جائنٹس کو آئی پی ایل میں شکست دی۔ 2023 کے بعد سے دہلی نے لکھنؤ کے خلاف ایک بھی میچ نہیں ہارا ہے۔
i
آئی پی ایل 2026 کے پانچویں میچ میں دہلی کیپیٹلز نے لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف ایک دلچسپ میچ میں شاندار جیت درج کی۔ لکھنؤ کے ایکانا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلہ میں دہلی نے 142 رنوں کا ہدف یوں تو آسانی سے حاصل کر لیا، لیکن ایک وقت ایسا تھا جب ٹیم بہت مشکل میں نظر آ رہی تھی۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ دہلی نے مسلسل پانچویں بار لکھنؤ سپر جائنٹس کو آئی پی ایل میں شکست دی۔ 2023 کے بعد سے دہلی نے لکھنؤ کے خلاف ایک بھی میچ نہیں ہارا ہے۔
اس مقابلہ میں دہلی کیپیٹلز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کی پوری ٹیم 18.4 اوورس میں 141 رنوں پر سمٹ گئی۔ لکھنؤ کی جانب سے عبدالصمد نے 36 اور مشیل مارش نے 35 رنوں کی کارآمد اننگز کھیلی، باقی کوئی بھی بلے باز بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکا۔ دہلی کی جانب سے لنگی اینگیڈی اور ٹی نٹراجن سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ ان دونوں گیند بازوں نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔ کلدیپ یادو نے بھی اہم وقت پر 2 وکٹیں لے کر لکھنؤ کو بڑا اسکور بنانے سے روکا۔ کپتان اکشر پٹیل بھی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
142 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے کے دوران دہلی کی شروعات کافی خراب رہی۔ اننگ کی پہلی ہی گیند پر محمد شامی نے کے ایل راہل کو آؤٹ کر دیا، جس سے ٹیم میں زبردست جوش پیدا ہوا۔ اس کے بعد نتیش رانا (15)، پاتھم نسانکا (1) اور اکشر پٹیل (صفر) بھی سستے میں پویلین لوٹ گئے۔ 4.3 اوور میں دہلی صرف 26 رنوں پر 4 وکٹیں گنوا چکی تھی اور میچ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو کر لکھنؤ کے حق میں جاتا ہوا دکھائی دے رہا تھا۔
اس مشکل وقت میں نوجوان بلے باز سمیر رضوی نے میچ کا رخ بدلنے والی اننگ کھیلی۔ امپیکٹ پلیئر کے طور پر آنے والے رضوی نے 47 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 70 رن بنائے، جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 148.93 رہا۔ رضوی نے ٹرسٹن اسٹبس (ناٹ آؤٹ 39 رن) کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 119 رنوں کی شاندار شراکت داری بھی قائم کی، جس میں رضوی کا کردار سب سے اہم رہا۔ اسی شراکت داری کی بدولت دہلی نے 17.1 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا اور 6 وکٹ سے فتح کے ساتھ سیزن کا آغاز کیا۔ سمیر رضوی کو ان کی بہترین کارکردگی کے لیے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
