نوجوان بلے باز کوپر کونولی کی بہترین نصف سنچری اور مشہور اسپن گیندباز یجویندر چہل کی خطرناک گیندبازی کے دَم پر پنجاب نے گجرات کو 19.1 اوورس میں 3 وکٹ سے شکست دے دی۔
i
آئی پی ایل 2025 کے فائنل مقابلہ میں شکست کے سبب خطاب سے محروم رہنے والی پنجاب کنگز نے نئے سیزن کا آغاز ایک شاندار جیت کے ساتھ کیا ہے۔ شریئس ایئر کی قیادت والی پنجاب نے آئی پی ایل 2026 کے اپنے پہلے میچ میں گجرات ٹائٹنز کو سخت مقابلہ میں 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ملانپور کے اپنے ہوم گراؤنڈ میں پنجاب نے نوجوان بلے باز کوپر کونولی کی شاندار نصف سنچری اور تجربہ کار اسپن گیندباز یجویندر چہل کی خطرناک گیندبازی کی بدولت آخری اوور میں 163 رنوں کا ہدف حاصل کر لیا۔ کوپر کونولی کا یہ آئی پی ایل میں ڈیبیو میچ تھا اور 22 سالہ کھلاڑی نے ناٹ آؤٹ 72 رنوں کی اننگز کھیلی۔ اس کارکردگی کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس میچ کا نتیجہ بھی ایک بار پھر وہی رہا جو اس سیزن کے پچھلے تینوں مقابلوں کا رہا تھا۔ ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے والی ٹیم نے ہی فتح حاصل کی۔ تاہم اس بار یہ جیت آسان نہیں تھی۔ پنجاب کنگز کے کپتان شریئس ایئر نے بھی ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا، لیکن گجرات کے کپتان شبھمن گل کی جارحانہ شروعات نے کچھ دیر کے لیے اس فیصلے کو غلط ثابت ہوتا دکھایا۔ لیکن بعد میں پنجاب کے گیندبازوں نے میچ پر گرفت مضبوط کر لی، جس میں یجویندر چہل اور مارکو یانسن نے اہم کردار ادا کیا۔ یانسن نے پہلا وکٹ حاصل کیا جبکہ چہل نے گل کو آؤٹ کر کے بڑی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد گجرات کے دیگر بلے باز کچھ خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ جوس بٹلر نے کچھ دیر رک کر اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی، لیکن وہ بھی چہل کا شکار بن گئے۔ گیندبازی مین وجے کمار ویشاک نے بھی 3 اہم وکٹیں لے کر گجرات کو 162 رنوں تک روکنے میں بڑا کردار ادا کیا۔
پنجاب کی شروعات بھی خراب رہی اور دوسرے ہی اوور میں کگیسو رباڈا نے سلامی بلے باز پریانش آریہ کو پویلین واپس بھیج دیا۔ تاہم جیسا کہ گزشتہ مقابلوں میں دیکھا گیا، وکٹ گرنے کا زیادہ اثر نہیں پڑا۔ پربھ سمرن سنگھ اور ڈیبیو کرنے والے کونولی نے مل کر جوابی حملہ کیا اور 49 گیندوں میں 76 رنوں کی شراکت داری قائم کی۔ اس کے بعد کپتان شریئس ایئر نے بھی تیزی سے کچھ رن جوڑے۔
13ویں اوور میں ایئر کے آؤٹ ہوتے ہی گجرات نے اچانک واپسی کی۔ اس دوران پنجاب نے صرف 16 گیندوں میں 4 وکٹیں گنوا دیں، جن میں سے 3 وکٹیں تیز گیندباز پرسدھ کرشنا نے حاصل کیں۔ وکٹوں کی اس پت جھڑ میں کونولی ایک سرے پر ڈٹے رہے اور 34 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ بعد میں مارکو یانسن اور پھر زیویئر بارٹلیٹ کے ساتھ مل کر انہوں نے چھوٹی لیکن اہم شراکتیں قائم کیں اور ٹیم کو 19.1 اوور میں فتح دلائی۔
