نئے کپتان ریان پراگ کی قیادت میں راجستھان کے تیز گیندبازوں نے چنئی کو محض 127 رنوں پر سمیٹ دیا۔ اس کے بعد جواں سال سلامی بلے باز ویبھو نے محض 17 گیندوں پر 52 رنوں کی اننگ کھیل کر میچ یکطرفہ بنا دیا۔
i
راجستھان رائلز نے ’آئی پی ایل 2026‘ سیزن کا آغاز ایسی دھماکہ دار جیت کے ساتھ کیا ہے، جو دوسری ٹیموں کو خوفزدہ کر دے۔ گوہاٹی میں کھیلے گئے اپنے پہلے میچ میں ہی راجستھان رائلز نے چنئی سپر کنگز کو یکطرفہ انداز میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ نئے کپتان ریان پراگ کی قیادت میں راجستھان کے تیز گیندبازوں نے چنئی کو محض 127 رنوں پر سمیٹ دیا۔ اس کے بعد نوجوان سلامی بلے باز ویبھو سوریہ ونشی کے 15 گیندوں پر نصف سنچری کی بدولت راجستھان نے صرف 13 اوور کے اندر ہی ہدف حاصل کرتے ہوئے بڑی جیت درج کی۔
30 مارچ کو کھیلے گئے آئی پی ایل 2026 کے اس تیسرے میچ میں راجستھان رائلز پوری طرح حاوی رہی۔ راجستھان کے نئے کپتان ریان پراگ نے اپنے گھریلو میدان گوہاٹی میں جو فیصلے کیے، وہ مکمل طور پر درست ثابت ہوئے۔ ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کرتے ہوئے انہوں نے چنئی کے ابتدائی بلے بازوں کو تہس نہس کر دیا۔ ناندرے برگر (4 اوورس میں 26 رن دے کر 2 وکٹ) اور جوفرا آرچر (4 اوورس میں 19 رن دے کر 2 وکٹ) نے مل کر چنئی کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو بکھیر کر رکھ دیا، جس سے ٹیم آخر تک سنبھل نہیں سکی۔ ٹی-20 عالمی کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے سنجو سیمسن اپنی سابق ٹیم کے خلاف کچھ خاص نہیں کر سکے اور چنئی کے لیے اپنے پہلے میچ میں صرف 6 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
چنئی نے محض 51 رنوں تک اپنے 5 وکٹ گنوا دیے تھے، جبکہ 94 رنوں تک 9 وکٹ گر گئے۔ ٹیم کا 100 رنوں تک پہنچنا بھی مشکل لگ رہا تھا، لیکن جیمی اوورٹن نے 43 رنوں کی اہم اننگ کھیل کر ٹیم کو اس شرمندگی سے بچایا۔ گزشتہ سیزن تک چنئی کا حصہ رہنے والے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ (3 اوورس میں 18 رن) نے بھی 2 وکٹیں لے کر چنئی کو اس حالت تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ کسی طرح سے چنئی کی ٹیم 19.4 اوورس میں 127 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ آندرے برگر کو ان کی بہترین گیندبازی کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس کے بعد سب کی نظریں صرف ویبھو سوریہ ونشی کی بلے بازی پر تھیں۔ سبھی دیکھنا چاہتے تھے کہ وہ کتنی جلدی ٹیم کو ہدف تک پہنچاتے ہیں۔ تاہم، یہ تمام امیدیں پہلے ہی اوور میں دم توڑ سکتی تھیں، اگر ویبھو کا کیچ کارتک شرما پکڑ لیتے۔ اپنی پہلی گیند کا سامنا کر رہے ویبھو نے اونچا شاٹ کھیلا، لیکن کارتک کیچ نہ لے سکے۔ اس کے بعد ویبھو نے دوسرا موقع نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد ہی دیا، جس کے لیے انہوں نے صرف 15 گیندوں کا سامنا کیا۔ ویبھو کے علاوہ اسٹار سلامی بلے باز یشسوی جیسوال نے سنبھلی ہوئی اننگ کھیل کر ٹیم کو 12.1 اوور میں ہی 8 وکٹوں سے جیت دلا دی۔ ویبھو نے 17 گیندوں میں 52 رن اور یشسوی نے 36 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 38 رنوں کی اننگ کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں دھرو جوریل نے 9 گیندوں پر 18 رن اور کپتان ریان پراگ 11 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 14 رن بنانے میں کامیاب ہوئے۔ چنئی کی طرف سے واحد کامیاب گیندباز انشل کمبوج رہے، جنھوں نے 3 اوورس میں 27 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
