طائف میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن ’ورلڈ روز اینڈ ایرومیٹک پلانٹس فورم 2026‘ کی تیاری کر رہا ہے، جو اتوار 29 مارچ سے شروع ہو کر دو ہفتے تک جاری رہے گا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ’گلاب اور خوشبودار پودوں‘ کے فورم کے لیے ڈائریکٹوریٹ مختلف سرگرمیوں اور پروگراموں کا کیلنڈر پیش کرے گا جس میں دو لاکھ 50 ہزار سے زائد طلبا شرکت کریں گے۔
ڈائریکٹوریٹ نے بتایا کہ’ یہ شرکت طلبا کو ان کی ثقافتی اور تاریخی شناخت سے جوڑنے کے سلسلے میں کی جا رہی ہے۔ طائف کے گلاب کو علاقے کے سب سے نمایاں ثقافتی، سیاحتی اور تفریحی عناصر کے طور پر مستحکم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
ان سرگرمیوں میں طلبہ کی شرکت کے ساتھ گلاب کی پریڈ کا انعقاد، سکولوں اور تعلیمی عمارتوں کی سامنے والی دیواروں کو روشنی سے مزین کرنا، فورم کے دوران ڈائریکٹوریٹ کے لیے ایک معلوماتی سٹال مختص کرنا اور رضاکاروں اور سکاؤٹنگ گروپوں کی شمولیت شامل ہوگی۔
طائف کے شعبۂ تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سعید الغامدی نے تصدیق کی کہ’ ڈائریکٹوریٹ کی شرکت کا مقصد طلبا کی فنی اور ثقافتی شعور کو فروغ دینا، انہیں مقامی ورثے سے جوڑنا، اور ایسے پروگراموں کے ذریعے ان کے قومی فخر کو بڑھانا ہے جو طائف کی شناخت اور تاریخی ورثے کو اجاگر کرتے ہیں۔‘
یہ دوسرا ایڈیشن ہے جبکہ پہلا روز اینڈ ایرومیٹک پلانٹس فورم پچھلے سال اپریل میں منعقد ہوا تھا، جس کا مقصد شہر کے پھولوں کے ورثے کو فروغ دینا اور خوشبو دار پودوں کے شعبے کو بڑھانے کی قومی کوششوں کی حمایت کرنا تھا۔


