یورپ میں مشہور چاکلیٹ ’کِٹ کیٹ‘ کی ایک بڑی کھیپ چوری ہو گئی ہے، جس کے بعد کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ ایسٹر سے قبل مارکیٹ میں اس کی قِلت پیدا ہو سکتی ہے۔
سوئٹزرلینڈ کی فوڈ کمپنی ’نیسلے‘ کے ملکیتی برینڈ ’کِٹ کیٹ‘ نے سنیچر کو اے ایف پی کو جاری بیان میں تصدیق کی کہ ’اس کی نئی چاکلیٹ رینج کے چار لاکھ 13 ہزار 793 یونٹس پر مشتمل ایک ٹرک یورپ میں دورانِ ترسیل چوری ہو گیا ہے۔‘
کمپنی کے مطابق ’قریباً 12 ٹن وزنی یہ کھیپ گذشتہ ہفتے اس وقت لاپتا ہوئی جب اسے پیداوار کے مقام سے تقسیم کے مراکز کی جانب منتقل کیا جا رہا تھا۔‘
برینڈ کے ترجمان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’ہم ہمیشہ لوگوں کو کٹ کیٹ کے ساتھ وقفہ لینے کی ترغیب دیتے ہیں، لیکن ایسا لگتا ہے کہ چوروں نے اس پیغام کو کچھ زیادہ ہی سنجیدگی سے لے لیا اور 12 ٹن سے زائد چاکلیٹ لے کر ہی بریک لے گئے۔‘
کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ ’اس چوری کے باعث دکانوں میں کٹ کیٹ کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے اور صارفین کو ایسٹر سے قبل اپنی پسندیدہ چاکلیٹ تلاش کرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔‘
چوری ہونے والا ٹرک وسطی اٹلی سے روانہ ہوا تھا اور اسے پولینڈ پہنچنا تھا جبکہ راستے میں مختلف ممالک میں چاکلیٹ تقسیم کرنے کا منصوبہ تھا۔ تاہم کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ ’یہ کھیپ کس مقام پر غائب ہوئی، البتہ کہا کہ ’ٹرک اور اس میں موجود سامان تاحال لاپتا ہے۔‘
کمپنی کے مطابق مقامی حکام اور سپلائی چین شراکت داروں کے ساتھ مل کر تحقیقات جاری ہیں۔
’کٹ کیٹ‘ نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ چوری شدہ چاکلیٹس یورپی مارکیٹ میں غیر سرکاری فروخت کے ذریعے سامنے آ سکتی ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ ’ہر چاکلیٹ بار پر موجود منفرد بیچ کوڈز کے ذریعے ان مصنوعات کا سراغ لگایا جا سکتا ہے اور اگر کوئی کوڈ میچ ہو جائے تو متعلقہ افراد کو فوری طور پر کمپنی کو اطلاع دینے کی ہدایات دی جائیں گی۔‘

