انڈین ریپر اور اداکار ادتیا پرتیک سنگھ سِسوڈیا یعنی بادشاہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔
انڈین اخبار اوپن میگزین کے مطابق ’بادشاہ‘ نے پنجابی اداکارہ اور ماڈل ایشا رکھی سے شادی کی ہے جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
تقریب کی تصاویر ایشا رکھی کی والدہ، پونم رکھی نے شیئر کیں اور لکھا کہ ’خدا آپ دونوں کو خوش رکھے۔‘
شادی کی تصویروں میں ’بادشاہ‘ کو بھورے رنگ کے کُرتے میں ملبوس سنہری پگڑی پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایشا رکھی نے روایتی سرخ رنگ کی شلوار قمیص زیب تن کر رکھی ہے۔
شادی سے پہلے یہ جوڑا تقریباً چار سال سے ڈیٹنگ کر رہا تھا۔
ایک اور ویڈیو میں دونوں کو شادی کی رسوم کی ادائیگی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر کچھ صارفین کو جوڑے کو مبارکباد دے رہے ہیں اور نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ کچھ صارفین یہ سوال پوچھتے نظر آ رہے ہیں کہ کیا یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بنائی گئی ہے؟
ایشا رکھی کون ہیں؟
ایشا رکھی چندی گڑھ سے تعلق رکھتی ہیں اور انہوں نے پنجابی فلم ’جٹ بوائز پُت جٹاں دے‘ سے اداکاری کا آغاز کیا۔
انہوں نے اپنی پہلی بالی وڈ فلم ’نواب زادے‘ میں ورون دھون، راگھو جویال اور پونیت پٹھک کے ساتھ کام کیا۔
وہ مشہور پنجابی فلموں جیسے ’جٹ جولیٹ‘،’ہیپی گو لکی‘ اور ’ارداس‘ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جبکہ پنجابی میوزک ویڈیوز میں بھی نظر آئیں۔
32 سالہ اداکارہ نے ماڈلنگ کا آغاز اُس وقت کیا جب وہ 12ویں جماعت کی طالبہ تھیں اور کالیان جیولرز، مدر ڈیری اور میڈم جیسی برانڈز کے لیے کام کیا۔
انہوں نے ششو نیکیتن ماڈل سینیئر سیکنڈری سکول، چندی گڑھ سے تعلیم حاصل کی اور پنجاب یونیورسٹی، چندی گڑھ سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔
بادشاہ نے اس سے قبل جیسمن مسیح سے شادی کی تھی تاہم دونوں نے 2020 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
2024 میں انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں اس تعلق کے ختم ہونے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم دونوں نے ہر ممکن کوشش کی۔ ہم نے اتنی کوشش کی جتنی ہم کر سکتے تھے۔ ہم اس لیے الگ ہوئے کیونکہ یہ ہمارے بچے کے لیے صحت مند نہیں تھا۔ میں اپنے بچے سے مل سکتا ہوں لیکن زیادہ نہیں کیونکہ وہ لندن میں رہتی ہیں۔‘

